نئی دہلی 27مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مشہور تحقیقاتی ویب سائٹ کوبراپوسٹ نے جمعہ (25 مئی) کو آپریشن 136: پارٹ2 نام کے آپ اسٹنگ آپریشن میں کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں ۔ کوبراپوسٹ نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں ملک کے تمام بڑے بڑے میڈیا گروپوں کا کالا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے ۔ ویب سائٹ نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں اس بات کا پردہ فاش کیا ہے کہ کس طرح ملک کے کئی بڑے بڑے اور تجربہ کار میڈیا گروپ پیسے لے کر کسی کے حق یا مخالفت میں خبریں چلانے کے لئے تیار ہیں حتیٰ کہ انہیں مذہبی جذبات کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا ۔کوبرا پوسٹ کے اسٹنگ آپریشن میں سب سے بڑا چونکانے والا نام ہے پی ٹی ایم کاجس سے صارف آن لائن لین دین کرتے ہیں ۔اس سنسنی خیز اسٹنگ آپریشن میں دعوی کیا گیا ہے کہ ملک کے معروف موبائل بینکنگ کمپنی پی ٹی ایم نے قبول کیا ہے کہ اس نے وزیر اعظم دفتر کے حکم پر صارفین کی ذاتی ڈیٹا حکومت کو لیک کرتی ہے ۔ کوبراپوسٹ کے اسٹنگ آپریشن میں پی ٹی ایم کے نائب صدر سدھانشو گپتا اور سینئر نائب صدر اجے شیکھر شرما نے نہ صرف آر ایس ایس کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا انکشاف کیا بلکہ یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ اپنے لاکھوں ایپ یوزرس کی خفیہ اطلاعات مرکزی حکومت کے ساتھ اشتراک کرتی ہے ۔ کوبراپوسٹ کا دعوی ہے کہ حکومت کے ساتھ ڈاٹا کے اشتراک کے وقت پی ٹی ایم نے اپنی حفاظتی پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی ہے ۔ دراصل کوبراپوسٹ کا اسٹنگ آپریشن کر رہے صحافی پشپ شرما نے یہ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا کہ کیا پی ٹی ایم بھی اپنے اپلی کیشن پر ان کے ایجنڈے کو فروغ دے سکتا ہے۔ اس تناظر میں جب وہ کمپنی کے نائب صدر سدھانشو گپتا اور سینئر نائب صدر اجے شیکھر شرما سے پی ٹی ایم کے نوئیڈا آفس میں ملاقات کی، تو ملاقات بہت چونکانے والی ثابت ہوئی، کیونکہ ہائی لیول کے ان افسران نے نہ صرف آر ایس ایس کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا انکشاف کیا، بلکہ یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ اپنے لاکھوں ایپ یوزرس کی اطلاعات مرکزی حکومت کے ساتھ اشتراک کر تی ہے ۔